(ایجنسیز)
سعودی عرب کے حکمراں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو سال 2014ء کی عالمی ثقافتی شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز متحدہ عرب امارات کے ’شیخ زید بک ایوارڈز‘ کی جانب سے دیا گیا۔
اعزاز کا اعلان امارات کے دارالحکومت، ابوظہبی میں ایک اخباری کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
کانفرنس میں ایوارڈ بورڈ کے رکن محمد خلف المزروعی اور متحدہ عرب امارات کے ثقافتی ورثے کے مشیر بھی موجود تھے۔
شیخ زید بک ایوارڈ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی بن تمیم نے ’العربیہ‘ ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو ثقافتی شخصیت کا خطاب ملنا ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ہمارے سامنے اس اعزاز کے لئے بہت سے نام تھے مگر شاہ عبداللہ کی عالمی ثقافتی شعبے میں خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی فرمانروا نے دنیا بھر میں مذاہب کے مابین ہم آہنگی اور مکالمے کا کلچر متعارف کرایا، سعودی عرب، عرب دنیا اور عالمی سطح پر تعلیم کے فروغ اور خاص طور پر کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا‘۔
دبئی کے ایک موقر اخبار ’خلیج ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، عبداللہ شاہ کے ان اقدامات سے انتہاپسند نظریات کی نفی ہوتی ہے۔ ساتھ ہی، ان کا دلیرانہ موقف اسلامی تصور کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔